منقبت بحضور امام احمد رضا خاں

از پروفیسر ڈاکٹر محمد اسلم فرخی

امام احمد رضا علم و سعادت کا سمندر ہیں
امینِ دولتِ حق، رہبرِ راہِ پیمبر ہیں

صنائع خانہٴ عالم میں ہیں گل کاریاں ان سے
ضیاءِ خواجہٴ عالم سے ممتاز و منور ہیں

ان ہی کے فیض سے رخشاں ہیں راہیں دین و دانش کی
ان ہی کا فیض ہے اب تک کہ یہ راہیں منور ہیں

وہ اعلیٰ حضرت اعلیٰ مرتبت فہم و ذکا فطرت
یہ راہیں ان کی نسبت ہیں کہ وہ حق گوئی کے پیکر ہیں

جمالِ حرفِ معنی ہیں گریزِ لن ترانی ہیں
وقارِ خوش بیانی ہیں، صفیروں میں مُفَخَّر ہیں

دیارِ دل میں ان کے فیض سے ہر سُو اجالا ہے
سکونِ قلبِ مضطر ہیں، علاجِ دیدہٴ تر ہیں

سخن میں تازگی ان سے، سخن میں روشنی ان سے
سخن گو ہیں، سخن داں ہیں، سخن پرور، سخن ور ہیں

ادائے حق، رضاءِ حق، عضدِ حق برائے حق
امام احمد رضا کی آئینہ سازی کے جوہر ہیں

کہاں اتنی مجال اسلم کہ میں حرفِ ثنا لکھوں
امام احمد رضا علم و سعادت کا سمندر ہیں

اگست 2008

ٹریک بیک | آر۔ایس۔ایس تبصرے

تبصرہ کریں